کراچی(آئی این پی)چین سے درآمد کردہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس 2 جہاز پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے بیڑے کا حصہ بن گئے،وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مسلح افواج ملکی دفاع کیلئے بھرپور کردار ادا کررہی ہیں‘ نئے جہازوں کی شمولیت سے دفاع مزید مضبوط ہوگیا‘سی پیک خطے میں گیم چینجر ثابت ہوگا۔تفصیلات کے مطابق چین سے خریدے گئے جدیدٹیکنالوجی سے لیس
ہنگول اوربسول نامی جہاز پاکستان پہنچ گئے۔ منگل کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس جدیددوجہازوں کی تقریب رونمائی اورماڑہ میں ہوئی ، تقریب میں وزیر دفاع خواجہ آصف، نیول چیف ایڈمرل ذکاء اللہ، ڈی جی میری ٹائم ریئر ایڈمرل جمیل اختر، کمانڈر پاکستان فلیٹ عارف اللہ حسینی اور سینیٹر حاصل بزنجو سمیت دیگر سیاسی شخصیات بھی شریک ہوئیں۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج ملکی دفاع کیلئے بھرپور کردار ادا کررہی ہیں، نئے جہازوں کی شمولیت سے دفاع مزید مضبوط ہوگیا، ان کا کہنا تھا کہ سی پیک خطے میں گیم چینجر ثابت ہوگا۔
پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے ڈی جی ریئر ایڈمرل جمیل اختر کا کہنا تھا کہ چند سالوں میں سات ہزار سے زائد اسمگلرز کو گرفتار کیا گیا جبکہ اربوں کی مشنیات اسمگلنگ بھی ناکام بنائی۔ریئر ایڈمرل جمیل اختر کا کہنا تھا کہ پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی ہر طرح کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے