کراچی (آئی این پی )کراچی میں سانحہ بلدیہ کے مرکزی ملزم رحمان بھولا سے جے آئی ٹی کی تفتیش مکمل کر لی گئی۔ ملزم رحمان بھولا نے جے آئی ٹی کے سامنے بلدیہ فیکٹری جلانیکا اعتراف کر لیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جے آئی ٹی رپورٹ کے مطابق ملزم رحمان عرف بھولا نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے کیمیکل پھینک کر بلدیہ فیکٹری میں آگ لگائی تھی،
جبکہ رحمان عرف بھولا نے چودہ افراد کو قتل کرنے کا بھی انکشاف کیا ہے اور بھتہ نہ دینے پر کئی افراد کو قتل بھی کیا۔ ملزم نے بلدیہ اور اورنگی ٹاؤن میں بھتے کا منظم نیٹ ورک چلانے کا بھی اعتراف کیا ہے۔تفتیشی حکام کے مطابق رحمان بھولا کی گرفتاری دو مقدمات میں ڈالی جا چکی ہے جبکہ جے آئی ٹی رپورٹ جلد اعلیٰ حکام کو ارسال کر دی جائے گی۔ واضح رہے کہ سانحہ بلدیہ فیکٹری کے مرکزی ملزم رحمان بھولا کو بینکاک سے گرفتار کیا گیا تھا۔