کراچی(آن لائن)مسلم لیگ فنکشنل کی رکن سندھ اسمبلی نصرت سحر نے امداد پتافی کے اسمبلی و پارٹی رکنیت سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری جان لیں اگر مجھے انصاف نہ ملا تو اسی اسمبلی کے سامنے خود پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دوں گا ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نصرت سحر نے بلاول بھٹو زداری اور بختاور زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ
اس بوتل میں پٹرول ہے اور ماچس بھی میرے پاس ہے اگر مجھے انصاف نہ ملا تو پھر میں اسمبلی کے اندر ایک مثال بن جائوں گی اور یہیں پر خود کشی کروں گی ۔انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو صاحب جس طرح آپ کی والدہ کو شہید کردیا گیا اور آج تک آپ انصاف مانگتے پھر رہے ہیں بالکل اسی طرح میرے بچے بھی آپ سے انصاف چاہتے ہیں اور اگر امداد پتافی کا اسمبلی اور پارٹی رکنیت سے استعفیٰ آپ نے نہ لیا تو پھر خود کشی کے سوا اور میرے پاس کوئی آپشن نہیں ہوگا ۔انہوں نے بلاول کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ملکی و انٹرنیشنل سطح پر میری جگ ہنسائی ہوئی ہے اور آپ نے اس واقعہ کا نوٹس بھی لیا اور آپ بہتر جانتے ہیں کہ میرے ساتھ کیا ہوا ہے اور میری سیاست ختم کی جارہی ہے ، مجھے کام سے روکا جارہا ہے لہذا امداد پتافی کا استعفیٰ بہت ضروری ہوگیا ہے ۔