پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)خیبر ایجنسی میں زرعی ماہرین کی بڑی کامیابی ۔ پوست کی جگہ زعفران کی کاشت کا تجربہ کامیاب ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق زرعی ماہرین نے خیبر ایجنسی میں پوست کی کاشت کی جگہ زعفران کاشت کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ رواں مالی سال میں محکمہ زراعت نے کاشت کاروں کی اس بات پر حوصلہ افزائی کی ہے کہ وہ میدان گائوں کے
5 کنال رقبے پر زعفران کی کاشت کریں۔ اس تحریک کا مقصد کاشت کاروں کو پوست کی کاشت سے روکنے اور منشیات میں استعمال ہونے والے اس پودے کی بڑھوتری کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔ اس مقصد کیلئے فاٹا سیکرٹریٹ تقریبا 54 ملین روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے۔ پاکستان میں زعفران کی کاشت کا سب سے موزوں علاقہ وادی تیرہ ہے جہاں سخت سردی کے باعث یہ فصل نمو پا سکتی ہے۔ زعفران جیسی قیمتی ترین فصل کی کامیاب کاشت کیلئے مقامی کاشت کاروں میں زبردست جوش پایا جا رہا ہے اور وہ اس بات کی توقع کر رہے ہیں کہ اگر زعفران کی فصل کامیابی سے کاشت ہو جاتی ہے تو یہ علاقے میں معاشی انقلاب کا باعث ہوگی۔ اس حوالے سے متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی کاشت کے کامیاب تجربے کے بعد اسے بڑے رقبے پر کاشت کیا جائے گا۔