کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلز پارٹی کی رہنماء بختاور بھٹو زرداری اپنے ایک ٹوئٹ میں پارٹی کے وزیر پر برہم نظر آئیں اور کہا کہ “امداد معافی مانگو”۔ بختاور بھٹو نے کہا کہ امداد پتافی کو اپنے رویئے پر خاتون رکن سے معافی مانگنا پڑے گی، خواتین کے ساتھ اس طرح کا رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ان کا کہنا تھا کہ پی پی پی کی قیادتایک مضبوط خاتون نے کی،یہ ہماری اخلاقیات نہیں ہیں،
ایسا برتاؤ پی پی کی روایات اور اخلاقیات کے منافی ہے۔بختاور بھٹو کی جانب سے کئے گئے اس ٹویٹ کے فوراً بعد نہ صرف صوبائی وزیر کے ہوش ٹھکانے آ گئے بلکہ وزیر اعلیٰ سندھ جو کل ایوان میں بیٹھے اپنے وزیر کی زبان درازی پر مسکرا رہے تھے، انہیں بھی سمجھ آ گئی کہ پانی سر سے گزر چکا ہے لہٰذا امداد پتافی نے پینترا بدلتے ہوئے بختاور بھٹو کی ہدایت کے بعد نصرت سحر سے معافی مانگنے کا اعلان کر دیا ہے جبکہ بلاول بھٹو نے وزیر موصوف کیلئے شو کاز نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کر دی ہے اور وزیر اعلیٰ سندھ نے بھی واقعے پر ایک روز بعد اظہار افسوس کر ڈالا ہے۔دوسری جانب، نصرت سحر عباسی نے امداد پتافی کی معافی کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے ان کے استعفے کا مطالبہ کر دیا ہے۔