لاہور( این این آئی)پنجاب کے بلدیاتی سربراہان کو ضروری اخراجات کرنے کی اجازت مل گئی ،میئرز کو 3 لاکھ ، ضلع کونسل، میونسپل کمیٹیوں کے چیئرمینوں کو 1 لاکھ ، جبکہ یونین کونسلوں کے چیئرمینوں کو 10ہزار روپے تک ایک آئٹم پر خرچہ کرنے کی اجازت ہو گی۔ذرائع
کے مطابق محکمہ بلدیات کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اخراجات یوٹیلیٹی بلز ،
فیول ، سٹیشنری وغیرہ کی مد میں کئے جا سکیں گے ۔بلدیاتی سربراہ صرف نئے بلدیاتی اداروں کی وصولیوں اور دستیاب اکاؤنٹس میں موجود فنڈز سے ہی یہ ایمرجنسی اخراجات کریں گے جبکہ ایک اور نوٹیفکیشن کے تحت نئے بلدیاتی اداروں کو پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ2013 کے تحت باقی رولز نوٹیفائی نہ ہونے تک پنجاب لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2001 جو منسوخ کیا جا چکا ہے اس کے رولز ہی اپنانے کی اجازت دیدی ہے جس میں کنڈیکٹ آف بزنس رولز،اکاؤنٹس وبجٹ رولز وغیرہ شامل ہیں۔