اسلام آباد ( آئی این پی ) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سینیٹ میں نیب ترمیمی آرڈیننس کو مسترد کرنا اچھی روایت نہیں ہے ،آئین حکومت کو آرڈیننس جاری کرنے کی اجازت دیتا ہے ، قومی مسائل پر ہمیں متحد ہو کر سوچنا چاہیے ، قوم کرپشن کے خلاف سخت قانون سازی چاہتی ہے ، ہم نے قانون بنانے پر سوا سال کام کیا اپنی محنت کو رائیگاں نہیں جانے دینگے، نیب قوانین پر شاہ محمود قریشی کی باتوں میں تضاد ہے ۔ وہ بدھ کو نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کر رہے تھے ۔
انہوں نے کہا کہ سینٹ میں صدارتی آرڈیننس کو مسترد کرنا افسوس ناک عمل ہے ۔ یہ اچھی روایت نہیں ہے ۔ سب کو پتا ہے کہ حکومت کی سینیٹ میں اکثریت نہیں ہے مگر قومی مسائل پر ہمیں متحد ہو کر سوچنا چاہیے ۔آئین حکومت کو آرڈیننس جاری کرنے کی اچازت دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیب قانون میں بڑی اچھی ترامیم کی تھیں ۔ قوم کرپشن کے خلاف سخت قانون چاہتی ہے ۔ شاہ محمود قریشی کی باتوں میں نیب قوانین کمیٹی کے حوالے سے تضاد ہے ، ہم نے قانون بنانے پر سوا سال کام کیا اپنی محنت کو رائیگاں نہیں جانے دینگے ۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ قومی مفاد پر ہمیں سیاست سے بالا تر ہو کر کام کرنا چاہیے