اسلام آباد (این این آئی)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ پانامہ کیس پاکستان کا ہی نہیں دنیا کا دلچسپ کیس ہوتا جارہا ہے۔پانامہ کیس کی سماعت میں وقفے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ اس مہینے کے آخر تک کیس ختم ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ عدالت میں استثنیٰ کے بعد تحائف کے تبادلے پر بات ہوئی ہے۔شیخ رشید احمدنے کہاکہ یہ سیاست کی تاریخ کا اہم ترین کیس ہے ٗانشاء اللہ کرپشن کا تابوت سپریم کورٹ سے ہی نکلے گا۔قومی اسمبلی جب جھوٹ کی منڈی بن جائے تو پھر اس ملک کا کیا ہو سکتا ہے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہاکہ وزیراعظم کے بچے پیسے باہر کیسے لیکر گئے اس پر دلائل شروع ہونگے۔شیخ رشید احمد نے کہاکہ پاناما کیس میں پہلے قطری نے پاکستانیوں کی توہین کی اور اب پوری جمہوریت کی ناک کاٹی جا رہی ہے ٗ وزیر اعظم کیلئے جھوٹ بولنے کا حق مانگا جا رہا ہے ٗوزیر اعظم آرٹیکل 66کی آڑ لیکر پارلیمنٹ کی توہین کر رہے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ پاناما لیکس میں سپریم کورٹ کا فیصلہ جب بھی آئے عوام کی عدالت میں حکومت اپنا کیس ہار چکی ہے اور اب بہت جلد سپریم کورٹ سے حکومت کا تابوت نکلے گا ۔