لاہور(این این آئی ) ضلعی انتظامیہ کی طرف سے پیپلز پارٹی کی قیادت کو مجوزہ ریلی کے سلسلے میں سکیورٹی خدشات سے آگاہ کر دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر لاہورکی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کی طرف سے پیپلز پارٹی کے نمائندوں کو ریلی کے لئے ممکنہ سکیورٹی خدشات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ سکیورٹی کے موجودہ حالات پیپلز پارٹی کی ریلی کے لئے موزوں نہیں اورشرکاء کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسا کیا جانا مناسب نہیں ہو گااور اگر ایسا کیا جاتا ہے توریلی آرگنائزرکے اپنے رسک پر ہو گا تاہم ضلعی انتظامیہ اور پولیس بھرپور سیکورٹی انتظامات ضرورکرے گی۔
اجلاس میں سی سی پی او کی طرف سے پارٹی قیادت کے لئے ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کی تجویز بھی مسترد کر دی گئی۔ڈی سی لاہور نے پارٹی قیادت اور ریلی کے لئے ممکنہ حد تک بہترین سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنانے کے لئے ممکنہ اقدامات بھی کئے جائیں گے اور ریلی کے روٹ پر صفائی کا اہتمام اورتجاوزات ختم کرنے کا انتظام کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔