اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ورکن قومی اسمبلی شفقت محمود نے کہا ہے کہ پاکستان میں کھائی جانے والی مچھلی آلودگی والے پانی سے پکڑی جاتی ہے،کوئی نہیں جانتا کہ یہ مچھلی مضرصحت ہے یا تندرست ہوتی ہے،حکومت ایک بڑی لیبارٹری قائم کرے جس میں مچھلیوں کو چیک کیا جائے۔وہ بدھ کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں مختلف بیماریوں میں اضافہ ہورہا ہے،آج پی اے سی کے اجلاس میں فشریز حکام نے انکشاف کیا کہ پاکستان میں کھائی جانے والی مچھلی جن دریاؤں اور سمندر سے پکڑی جاتی ہے،وہاں آبی آلودگی کی بہتات ہے،آج تک کبھی بھی مچھلیوں میں مرکری کا لیول چیک نہیں کیا گیا،یہ جاننابے حد ضروری ہے کہ آلودہ پانی سے پکڑی جانے والی مچھلی صحت مندہوتی ہے یامضرصحت،وفاقی حکومت فوری طور پر ایک بڑی لیبارٹری قائم کرے جہاں تمام مچھلیوں کو باقاعدگی سے چیک کیا جائے۔۔۔۔