لاہور(آئی این پی)لاہور ہائیکورٹ نے ماں کی جانب سے بیٹی کی جنس کی تبدیلی کیلئے دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار خاتون شمع بیگم نے موقف اختیار کیا کہ اس کی 24سالہ بیٹی کو گائنی کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں جس کے باعث ڈاکٹروں نے جنس کی تبدیلی کی تجویز دی ہے ۔جنس تبدیلی کا قانون موجود نہ ہونے کے سبب ڈاکٹر اس کی بیٹی کی جنس تبدیلی کا آپریشن نہیں کررہے ۔
درخواست گزار خاتون شمع بیگم نے فاضل عدالت سے استدعا کی کہ اسکی 24سالہ بیٹی کی جنس کی تبدیلی کے احکامات صادر کئے جائیں۔سماعت کے دوران ڈپٹی اٹارنی جنرل نے آگاہ کیا کہ جنس تبدیلی کے قوانین موجود نہ ہونے کے سبب درخواست ناقابل سماعت ہے جبکہ درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں ہے۔اس موقع پر قرار دیا گیا کہ لڑکی خود بھی بالغ ہے کوئی اور درخواست نہیں دے سکتا۔ تاہم عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔