لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق گورنر پنجاب و سابق صدر مسلم لیگ (ن) پنجاب سردار ذوالفقار علی خاں کھوسہ نے اپنے بیٹے سابق وزیر اعلیٰ سردار دوست محمد خاں کھوسہ کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
پی ٹی آئی کے ذرائع کا دعوی ہے کہ وہ ممکنہ طور پر پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان کی صدارت میں ہونے والے پی ٹی آئی کے آئندہ ڈیرہ غازی خان کے جلسہ میں پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کر سکتے ہیں اس سلسلے میں ان کی پی ٹی آئی کی اعلیٰ لیڈر شپ کے ساتھ معاملات بھی طے پا گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق آئندہ اتوار کو ڈیرہ غازی خان کے جلسہ میں پی ٹی آئی ایک بڑا سیاسی کھڑاک کرنے جارہی ہے اور مسلم لیگ (ن) کے سابق صدر پنجاب سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ اور ان کے بیٹے سابق وزیراعلی سردار دوست محمد خاں کھوسہ کو پی ٹی آئی میں ویلکم کرے گی اس سلسلے میں سردار ذوالفقار علی خاں کھوسہ کے پی ٹی آئی کی اعلی ٰ قیادت کے ساتھ ابتدائی معاملات طے پا گئے ہیں جس کے مطابق سردار ذوالفقار کھوسہ کو پی ٹی آئی کی تنظیم میں بالخصوص جنوبی پنجاب میں پی ٹی آئی کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کے لئے اہم ذمے داریاں بھی سونپی جائیں گی۔
پی ٹی آئی کے ذرائع کا دعوی ہے کہ سردار زوالفقار علی خاں کھوسہ کے ساتھ مسلم لیگ (ن) کی قیادت سے ناراض سابقہ مسلم لیگی عہدیدار بھی پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا اعلان کر سکتے ہیں ۔