اسلام آباد ( آئی این پی )مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب احمد کو وزیر اعظم کا مشیر بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا، اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن آئندہ چند روز میں جاری کر دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار مہتاب احمد کو وزیر اعظم نوازشریف کا مشیر بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔ وہ وزیر اعظم کے سول ایوی ایشن کے مشیر ہونگے ۔ ان کے پاس چیئرمین پی آئی اے کا اضافی چارج بھی ہو گا۔ اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن آئندہ چند روز میں جاری کر دیا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کا پیغام سردار مہتاب احمد کو پہنچا دیا گیا ہے ۔ سردار مہتاب احمد ابتدائی رابطوں میں یہ عہدہ لینے سے گریز کرتے رہے تاہم اب وہ رضا مند ہو گئے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے انہیں یہ عہدہ دینے کا فیصلہ کیا ہے کہ کیونکہ وہ ایک اچھے ایڈمنسٹریٹر اور اچھی شہرت کے مالک ہیں جو پی آئی اے کے معاملات کو بہتر کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔ واضح رہے کہ سردار مہتاب احمد سابق گورنر خیبر پختونخوا رہ چکے ہیں