اسلام آباد (آن لائن) ترجمان پاکستان تحریک انصاف فواد چودھری نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کا معاملہ 15 سے 20 دن یا پھر ایک ماہ میں نمٹ جائے گا ۔ گلف مل 9 ملین کی کیسے بک گئی اس پر 21 ملین کا قرض تھا ۔
(ن) لیگ وکلاء کی تبدیلی کا نہیں قیادت کی تبدیلی کا سوچے ۔ بدھ کے روز سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا ہے کہ الزامات ہم نے نہیں بین الاقوامی میڈیا نے لگائے ہیں ۔آج گلف اسٹیل مل کے معاملے پر تفصیلی بات ہوئی ۔آج عدالت میں مزید دستاویزات جمع کرا دی ہیں انہوں نے کہا ہے کہ پوری قوم کا مطالبہ تھا کہ روزانہ کی بنیاد پر کیس کی سماعت ہونی چاہئے آج پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ ہم کیس کو روزانہ کی بنیاد پر سماعت میں کامیاب ہو گئے ہیں۔فواد چودھری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کی دلیل ہے کہ والد نے گلف اسٹیل مل کی فروخت سے حاصل رقم سے قطر میں سرمایہ کاری کی گلف اسٹیل مل 9 ملین کی کیسے سیل ہو گئی اس پر تو 21 ملین کا قرض تھا یہ سب جھوٹ ہے انہوں نے منی لانڈرنگ سے پیسے باہر بھیجے ۔اس جھوٹ پر وزیر اعظم نواز شریف کو وضاحت کے لئے عدالت میں طلب کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے 15 سے 20 یا پھر ایک ماہ میں یہ کیس نمٹ جائے گا ۔ منرو کمپنی کے بارے میں کل دستاویزت جمع کرائی گئی ہیں ۔