کراچی(آئی این پی)پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری کے قومی اسمبلی میں آنے کے اعلان کے بعد بلاول بھٹو زرداری اپنی والدہ بینظیر بھٹو شہید کے آبائی حلقے این اے 204(پرانا لاڑکانہ) سے الیکشن لڑیں گے جبکہ آصف علی زرداری نواب شاہ کے حلقہ این اے 213سے الیکشن لڑیں گے ، این اے 204سے موجودہ رکن قومی اسمبلی ایاز سومرو اور این اے 213سے موجودہ رکن قومی اسمبلی اور آصف علی زرداری کی ہمشیرہ ڈاکٹر عذرافضل پیچوہو سے استعفیٰ لیا جائے گا ۔ پیپلزپارٹی ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری اپنی والدہ بینظیر بھٹو شہید کے آبائی حلقے این اے 204(پرانا لاڑکانہ) سے جبکہ آصف علی زرداری کا نواب شاہ کے حلقہ این اے 213سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔
اس حوالے سے این اے 204سے موجودہ رکن قومی اسمبلی ایاز سومرو اور این اے 213سے موجودہ رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عذرافضل سے استعفیٰ لیا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق اس بات کا فیصلہ بھی کیاگیا ہے کہ ارکان قومی اسمبلی منتخب ہونے کے بعد آصف زرداری خورشید شاہ کی جگہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلا ف اور بلاول بھٹو زرداری پارلیمانی لیڈر ہونگے ۔واضح رہے کہ 2013کے عام انتخابات میں این اے 204(پرانا لاڑکانہ) سے پیپلزپارٹی کے ایاز سومرو جیتے تھے ۔ ایاز سومرو نے 50128ووٹ حاصل کئے تھے جبکہ ان کے مدمقابل پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے مہتاب اکبر راشدی نے 32ہزارووٹ حاصل کئے تھے جبکہ نواب شاہ کے حلقہ 213سے عذرا فضل پیچوہو نے 1لاکھ13ہزار199ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی تھی ۔