ڈیرہ غازیخان ( آن لائن)میونسپل کارپوریشن ڈیرہ کے انتخابات میں سیاسی صورتحال انتہائی سنسنی خیز اور دلچسپ صورتحال اختیار کرگئی ،کل کے حریف آج حلیف بن گئے ، کھوسہ گروپ کے چار آزاد اراکین نے غیر مشروط طور پر مسلم لیگ ن کے نامزد میئر کے امیدوار شاہد حمید چانڈیہ اور ڈپٹی میئر کے امیدوار شیخ اسرار احمد کی حمایت کا اعلان کردیا اس موقع پر اراکین قومی اسمبلی عبدالغفار ڈوگر ، ڈاکٹر حافظ عبدالکریم ، مسز شہناز سلیم ، رکن صوبائی اسمبلی نجمہ ارشد ، وزیر اعلیٰ پنجاب کے سیاسی معاون میر مرزا خان تالپور ، سٹی صدر شیخ لیاقت رفیق ، امیدوار میئر شاہد حمید چانڈیہ ، امیدوار ڈپٹی میئر شیخ اسرار احمد ، شیخ نقیب احمد ، ملک فہیم امجد ، عبدالغفار احمدانی ایڈووکیٹ ، سلطان محمد ڈاہا ، حافظ احمد حسن ایڈووکیٹ ، سرمد سلیم ، حاجی خدا بخش کھوسہ ، خاتون رکن ثمینہ سرور کے علاوہ کھوسہ گروپ کے مقامی رہنما رانا محمد اکبر ، سابق ناظم سیف اللہ خان بزدار ، صدر ڈسٹرکٹ بار بہرام خان بزدار ایڈووکیٹ، سابق نائب ناظم حافظ غلام نبی ، اے ڈی مشوری ، وائس چیئر مین محمد خان لغاری ، منظور خان کھوسہ کے علاوہ مسلم لیگ ن کے کارکنان کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ،
میونسپل کارپوریشن ڈیرہ کے میئر و ڈپٹی میئر کے انتخابات میں مسلم لیگ ن نے میئر کے امیدوار کیلئے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر حافظ عبدالکریم کے حمایت یافتہ میئر کے امیدوار شاہد حمید چانڈیہ اور ڈپٹی میئر کے امیدوار شیخ اسرار احمد کو ٹکٹ جاری کیا تھاجبکہ مسلم لیگ ن سے ہی تعلق رکھنے والے مقامی رکن صوبائی اسمبلی سید عبدالعلیم شاہ نے حکمران جماعت کے نامزد امیدوار کے مد مقابل اپنے گروپ سے امیدوار اپنے بہنوئی سید عمران شاہ کو میئر اور ذوالقرنین لاشاری کو ڈپٹی میئر کے عہدے کیلئے میدان میں لا کھڑا کیا اور گذشتہ کئی روز سے دونوں اراکین اسمبلی میں اپنے اپنے گروپ کے امیدواروں کو کامیاب کرانے کیلئے سر توڑ کوششوں کے علاوہ جوڑ توڑ کا سلسلہ بھی جاری تھا اور اس سیاسی کشمکش اور کھینچا تانی کے دلچسپ مراحل سے گذرنے کے بعد میونسپل کارپوریشن ڈیرہ کے کھوسہ گروپ سے تعلق رکھنے والے چار منتخب اراکین سردار شیر باز خان بزدار ، اے ڈی بھمبھانی ، ناظم الدین بزدار اورمحترمہ زاہدہ قریشی ایڈووکیٹ نے سرکٹ ہاؤس میں منعقدہ ہنگامی پریس کانفرنس میں ڈاکٹر حافظ عبدالکریم کے حمایت یافتہ مسلم لیگ ن کے میئر کے امیدوار شاہد حمید چانڈیہ اور ڈپٹی میئر شیخ اسرار احمد کی حمایت کا اعلان کردیا
اس موقع پر کھوسہ گروپ کے میئر کے امیدوار سردار شیر باز بزدار اور کھوسہ گروپ کے رہنما رانا محمد اکبر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے گروپ کے قائدین نے بھرپور مشاورت کے بعد شہر کے وسیع تر مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے مسلم لیگ ن کے نامزد کردہ امیدواران کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے اور ہمارا گروپ شہر کی ترقی کیلئے ہر قسم کے تعاون میں اپنابھرپور کردار ادا کریگا اور ہم بھی توقع رکھتے ہیں کہ مسلم لیگ ن کے امیدواران ہماری توقعات پر پورا اترتے ہوئے شہر کی تعمیر و ترقی کیلئے مل کر کام کرینگے پریس کانفرنس سے ایم این اے عبدالغفار ڈوگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کو 14اراکین کی حمایت حاصل ہو گئی ہے اور22دسمبر کو مسلم لیگ ن کی فتح کا دن ہوگا انہوں نے کہا کہ جس نے پارٹی کی قمر میں چھرا گھونپا ہے اس کی اب جماعت میں کوئی گنجائش نہیں اور گذشتہ 10دنوں سے مقامی رکن صوبائی اسمبلی سید عبدالعلیم شاہ نے چیئر مینوں کو اغوا کیا ہوا ہے ہم ڈی پی او ڈیرہ غازیخان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مذکورہ چیئر مینوں کو بازیاب کرا کر ان کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے