لاہور ( این این آئی ) قومی ائیر لائنز میں بد انتظامی ، پروازوں کا شیڈول متاثر ، اندرون اور بیرون ملک جانے والی 12سے زائد پروازوں کو منسوخ کر دیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق قومی ائیر لائن میں بد انتظامی عروج پر پہنچ گئی ہے کھبی مسافروں کو سامان دیار غیر میں چھوڑ دیا جاتا ہے تو کھبی بغیر کسی اطلاع کے فلائٹ کو گھنٹوں معطل کردیا جاتا ہے۔ بد انتظامی کے باعث کراچی ، پشاور ، لاہور میں پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق پشاور سے اندورون اور بیرون ملک جانے والی پروازیں تاخیر کا شکار رہیں جس کے باعث مسافر سخت مشکلات کا شکار رہے۔سانحہ چترال کے بعد اے ٹی آرطیارے گراؤنڈ ہونے کے باعث پشاور سے چترال کی پروازیں بھی منسوخ ہونے سے مسافرپریشانی میں مبتلا رہے۔ دوسری جانب کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بھی فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہوا۔ ملتان سے کراچی آنے والی پی کے 333دو گھنٹے ، کراچی سے جدہ جانے والی پی کے 761چار گھنٹے، ریاض سے لاہور آنیوالی پی کے 726ڈیڑھ گھنٹے تاخیر کا شکار رہیں۔اس کے علاوہ گزشتہ روز بھی اندرون اور بیرون ملک جانے والی 12سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔