لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) عام لوگ اتحاد پارٹی کے سر براہ جسٹس (ر) وجیہہ الدین نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس میں تما م ثبوت موجود ہیں نہ جانے فیصلہ کیوں نہیں ہو رہا ۔انہوں نے کہاکہ تحر یک انصاف پر جہاز اور قبضہ گروپ نے قبضہ کر رکھا ہے ‘عمران خان موجودہ ٹیم کیساتھ100سالوں میں کامیاب نہیں ہوسکتے ‘عمران خان نوجوانوں کو اور بات کرتے ہیں ’’اندر ‘‘کچھ اور چاہتے ہیں ‘میری پارٹی میں سر مایہ دار نہیںعام لوگ آگے آئیں گے ۔
اپنے ایک انٹر ویو میں جسٹس (ر) وجیہہ الدین نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ انصاف کی بات کی ہے مگر تحر یک انصاف کے اندر کوئی انصاف نہیں پارٹی میں فیصلہ عمران خان نہیں جہاز اور قبضہ مافیا زیادہ مضبوط ہے جسکی وجہ سے پارٹی تباہ ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحر یک انصاف پانامہ لیکس میں اب کمیشن سے راہ فراز اختیار کر رہی ہے جس سے لگتا ہے تحریک انصاف بھی پانامہ کی تحقیقات نہیں کچھ اور ہی چاہتی ہے ۔
جسٹس (ر) وجیہہ الدین نے کہا کہ میرے خیال میں پارلیمنٹ میں صرف جمشید دستی ہی عوام کے نمائندہ ہیں ، میں محسوس کر رہاتھاکہ تحریک انصاف اپنے وژن اورمنشورکوفالونہیں کررہی اور اس وجہ سے اصولی اختلافات تھے، بہت سے دوست جلد ہمارے ساتھ ہوں گے ۔ ایک انٹرویو میں جسٹس (ر) وجیہہ الدین نے کہا کہ ہماری پارٹی کی بنیاد ہی قربانی سے ہوئی ہے ۔
جب پارٹی بنانے کے اعلان کیا تودوستوں نے قرارداد کی منظوری سے مجھے چیئرمین بنا دیا لیکن میں نے واضح کہا کہ میں اس کی ہر گزسربراہی نہیں کروں گا تاہم جب تک مناسب شخصیت نہیں ملتی میں قائمقام چیئرمین کا عہدہ سنبھال لیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہماراسلوگن فلاح، فلاح اور صرف فلاح ہے۔ ہم نے عوام کو ایک نئی امنگ دینی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ جب تک عوام کے نمائندے پارلیمنٹ میں نہیں پہنچیں گے مسائل حل نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ آج انتخاب لڑنے کے لئے کروڑوں نہیں اربوں روپے چاہیے ہوتے ہیں ، کیا اتنا پیسہ لگا کر اسمبلیوں میں پہنچنے والے عوام کے نمائندہ ہو سکتے ہیں۔