اسلام آباد (این این آئی)متحدہ قومی موومنٹ نے جونا گڑھ اور منا وادر ریاستوں پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے معاملہ پر سینیٹ سیکریٹریٹ میں تحریک التواء جمع کروا دی ہے۔ منگل کو سینٹ میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر سید طاہر حسین مشہدی نے تحریک التواء سینیٹ سیکریٹریٹ میں جمع کروائی۔
تحریک التواء میں کہا گیا کہ قیام پاکستان کے وقت 550 سے زائد ریاستوں کو پاکستان یا بھارت میں سے کسی ایک کے ساتھ شامل ہونے کا موقع دیا گیا تھا جونا گڑھ اور منا وادر کے حکمرانوں نے پاکستان میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا تاہم بھارت نے فوجی مداخلت کر کے ویانا کنونشن اور دیگر عالمی قوانین کو پامال کرتے ہوئے ان پر قبضہ کرلیا۔ یہ انتہائی اہمیت کا معاملہ ہے۔ ایوان بالا کو بتایا جائے کہ حکومت جونا گڑھ اور منا وادر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کے لئے اقوام متحدہ اور دیگر فورمز پر یہ معاملہ اٹھانے کے لئے کیا اقدامات کر رہی ہے۔