تہران /وشوک(این این آئی)ایرانی سیکیورٹی فورسز نے بحیرہ عرب میں شکار کرنے والے 10 پاکستانیوں ماہی گیروں کو گرفتار کرلیا۔ڈپٹی کمشنر گوادر طفیل بلوچ نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ پاکستانی ماہی گیر بحیرہ عرب کے گہرے سمندر میں مچھلی کا شکار کررہے تھے۔انھوں نے بتایا کہ ایرانی فورسز نے پاکستانی ماہی گیروں کی کشتیوں کو بھی قبضے میں لے لیا ہے۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق ہم نے مذکورہ معاملے پر ایرانی حکام سے بات کی ہے اور پاکستانی ماہی گیر جلد وطن واپس آئے گئے۔
انھوں نے کہا کہ گرفتار ہونے والے تمام پاکستانی ماہی گیروں کا تعلق ضلع گوادر کی تحصیل جیوانی سے ہے۔دوسری جانب ایرانی فورسز کی جانب سے بلوچستان کے ضلع وشوک میں دو راکٹ فائر کیے گئے۔ایرانی فورسز کی جانب سے فائر کیے گئے راکٹ ضلع وشوک کی تحصیل ماشخیل میں گرے اور زور دار دھماکے سے پھٹ گئے۔نجی ٹی وی کے مطابق نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بلوچستان کے محکمہ ہوم اور قبائلی امور کے ایک افسر نے بتایا کہ واقع میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔عہدیدار کے مطابق صوبائی حکومت نے دونوں واقعات کے حوالے سے وفاقی حکومت کو آگاہ کردیا ہے اور ایرانی سرحدی حکام سے اس حوالے سے احتجاج بھی کیا گیا۔