دیگر ممالک کی جانب سے چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے منصوبوں میں دلچسپی خوش آئند امر ہے
سی پیک تاریخ کا رخ موڑ دے گا،اس عظیم منصوبے کیخلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے
لاہور26 نومبر: وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ تاریخ کا دھارا موڑ دے گا اورپاکستان سمیت پورا خطہ اس عظیم منصوبے سے مستفید ہو گا۔ سی پیک نے پاکستان سمیت خطے میں پائیدار ترقی اور خوشحالی کی بنیاد رکھ دی ہے۔ پنجاب سمیت پورے پاکستان میں سی پیک کے منصوبوں پر انتہائی تیزرفتاری سے کام ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین کے صدر شی جن پنگ کا ون بیلٹ ون روڈ کا وژن غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے اور دیگر ممالک کی جانب سے سی پیک کے منصوبوں میں دلچسپی خوش آئند امر ہے۔ ہمارے دوست سی پیک سے خوش جبکہ دشمن منصوبے میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سی پیک کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ترقی اور خوشحالی کے سفر کو مکمل کریں گے۔