اسلام آباد (این این آئی)سابق وفاقی وزیر سینیٹر مشاہد اللہ نے کہاہے کہ گوادر بندرگاہ سے سالانہ ایک ہزار ارب ڈالر کی تجارت ہو گی ٗ سی پیک منصوبے سے محروم طبقہ کی بدحالی خوش حالی میں بدل جائے گی ۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے ملک وقوم کی تقدیر بدل جائے گی ٗ گوادر بندر گاہ سے ایران ، مشرق وسطیٰ ، امریکا سمیت یورپی ممالک کو سالانہ ہزار ارب ڈالر کی تجارت ہو گی جس سے معیشت مضبوط اور ملک ترقی کریگا ٗ عوام کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔
انہوں نے کہاکہ اس وقت دوست ملک چین پاکستان میں 46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کررہاہے جن میں سب زیادہ سرمایہ کاری توانائی پر کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک منصوبے سے محروم طبقہ کی بدحالی خوش حالی میں بدل جائے گی ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نے گزشتہ روز الوداعی تقریب میں آرمی چیف کی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔