لاہو(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ٹریفک نظام میں بہتری اوراصلاحات کے حوالے سے منعقد ہ اجلاس کے دوران متعلقہ محکموں اوراداروں کے اعلی حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے حوالے سے میں پہلے بھی ہدایات جاری کرچکا ہوں اوراب اس ضمن میں نتائج دینا آپ کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹریفک نظام کی بہتری اوراسے رواں دواں رکھنے کیلئے جدت اورانفرادیت کے تحت ایسے اقدامات کیے جاسکتے ہیں جس سے ٹریفک کی بہاؤ میں بہتری آسکتی ہے۔ متعلقہ اداروں اورحکام کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے عوام کو سہولتوں کی فراہمی اورسڑکوں پر ٹریفک کے رش کے باعث درپیش مسائل سے نجات دلانے کیلئے موثر اقدامات کرنا ہیں۔وزیراعلیٰ نے استفسارکیا کہ اگر ہر کام وزیراعلیٰ نے ہی کرنا ہے تو متعلقہ اداروں اور محکموں کا کیا کام ہے ؟ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مجھے بریفنگز نہیں بلکہ کام اورنتائج چاہئیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر احساس ذمہ داری ختم ہوجائے توزندگی کی رمق بھی آہستہ آہستہ چلی جاتی ہے۔اس موقع پر انہوں نے علامہ اقبالؒ کے شعرکا یہ مصرعہ پڑھا۔
کارواں کے دل سے احساس زیاں جاتا رہا