لاہور ( این این آئی) قومی سلامتی کے اجلاس کی خبر لیک کرنے والوں کے خلاف انکوائری خفیہ رکھنے کے اقدام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ سابق وزیر قانون بابر اعوان کی طرف سے لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ قومی سلامتی کے ان کیمرہ اجلاس کی خبر منصوبہ بندی کے تحت لیک گئی اور انگلش اخبار میں خبر لیک کرا کر دنیا بھر میں پاک فوج کو بدنام کیا گیا ۔ کور کمانڈرز اجلاس میں بھی فینڈڈ خبر شائع کرانے پر شدید تشویش ظاہر کی گئی ۔ خبر لیک کرنے پر وفاقی وزراء اور بیورو کریٹس پر انگلیاں اٹھ رہی ہیں ۔ حکومت نے اجلاس کی خبر لیک ہونے کی انکوائری کا اعلان کیا ہے ۔لہٰذامعزز عدالت سے استدعا ہے کہ سیکرٹری وزارت داخلہ کو انکوائری کے نتائج منظر عام پر لانے کا حکم دیا جائے ۔ سیکرٹری داخلہ کو ذمہ داروں کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرانے کا حکم دیا جائے ۔ ایف آئی اے کو ذمہ داروں کو گرفتار کرنے کا حکم دیا جائے ۔ درخواست میں مزید استدعا کی گئی کہ اسپیکر قومی اسمبلی کو ذمہ داروں کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا جائے ۔ سیکرٹری دفاع کو ذمہ داروں کے خلاف اقدامات منظر عام پر لانے کا حکم دیا جائے اور خبر لیک کرنے والوں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیا جائے ۔