اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سیاسی گرما گرمی کے عروج پر آتے ہی شیخ رشید بھی سرگرم ہو گئے۔ عدالت عظمیٰ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم انصاف کے لیے سپریم کورٹ کی جانب دیکھ رہی ہے۔ کرپٹ حکمرانوں سے ہماری جان چھڑائی جائے۔ شیخ رشید نے حکومت کے خلاف جوش خطابت میں نڈر ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے جیل کو سسرال ہونے کا بھی انکشاف کر ڈالا۔تفصیلات کے مطابق پاناما لیکس کے معاملے پر وزیراعظم کے خلاف درخواستوں کی سماعت کے بعد شیخ رشید حکومت پر تنقید کے تیروں کی بوچھاڑ کرتے رہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بھی دعویٰ کیا کہ عدالت کی جانب سے وزیراعظم کو نوٹس ان کی اپیل پر دیا گیا۔شیخ رشید اپنے انداز میں گرجتے ہوئے مزید بولے کہ ہماری گردن کٹ سکتی ہے لیکن دو نومبرکو سارا راولپنڈی بند کر کے دکھا دیں گے۔ شیخ رشید نے کہا کہ آلو اورسبزیوں کا غلط ریٹ بتانے والے حکمرانوں کو اس بات کا ہرگز احساس نہیں کہ عوام مہنگائی کے ہاتھوں کس قدر مجبور ہوچکے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ان کو احتجاج سے روکنے کے لیے ڈرایا اور دھمکایا نہیں جاسکتا ہے کیوں کہ جیل کو وہ اپنی سسرال سمجھتے ہیں۔