لاہور ( این این آئی)وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف نے کنونشن سنٹر اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارٹی انتخابات کے بعد اپنے خطاب میں پنجاب کے توانائی کے تین اہم منصوبوں کا خصوصی طور پرحوالہ دیا ۔انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے توانائی کے ان منصوبوں میں انکی کاوشوں سے سو ارب روپے کی بچت پروزیر اعلیٰ پنجاب کی تعریف کی اور کہاکہ یہ بھی اپنی نوعیت کی منفرد مثال ہے کہ ہم قومی منصوبوں میں خطیر رقوم کی بچت کر رہے ہیں تا کہ اس بچت سے مزید عوامی فلاح کے کام ہو سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی اور ہوتا تو وہ بچت کے بجائے اس سے دو گنا کمیشن حاصل کرتا لیکن ہم خدمت کے جذبے سے قومی مفادات کا تحفظ کر رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ عوام ہم پر اپنی محبتیں نچھاور کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان نے اپنے خطاب کے دوران عوامی جمہوریہ چین کے رہنماوں کی طرف سے وزیر اعلیٰ پنجاب کو ’’پنجا ب سپیڈ‘‘ کا خطاب دینے کا بھی ذکر کیا جن کی کوششوں سے صوبے میں بجلی کی پیداوار کے نئے کارخانے تیزی سے تکمیل پا رہے ہیں اور ان کی وجہ سے ہمیں لوڈ شیڈنگ کے مسئلے سے نجات مل جائے گی۔