فیصل آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف آج مختصر دورے پر فیصل آباد پہنچے جہاں انہوں نے لانس نائیک شہید امتیاز احمد کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی اور بعد ازاں شہید کے گھر محلہ ہجویری ٹاؤن گئے جہاں انہوں نے شہید کے والد ریٹائرڈ سکول ماسٹر محمد اقبال تبسم، شہید کی اہلیہ ، ان کی کمسن بچیوں اور بہن بھائیوں سے ملاقات کی اور انہیں تسلی دی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ شہید کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ شہید ہمیشہ زندہ رہتے ہیں اور ہر کشمیری کے دل میں آزادی کی تڑپ زندہ رہے گی اور انشاء اللہ ایک دن کشمیر آزاد ہو گا۔ وزیراعلیٰ نے شہید کے محلہ میں پرائمری سکول کو اپ گریڈ کا درجہ دیتے ہوئے اسے شہید امتیاز احمد کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب حکومت شہید لانس نائیک امتیا احمد کے اہل خانہ اور ان کے بچوں کی کفالت کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔