اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) نجی ٹی وی پروگرام میں سربراہ تحریک انصاف عمران خان نے بڑی بات کہہ دی۔ تفصیل کے مطابق نجی ٹی وی پروگرام میں جب عمران خان سے اینکر پرسن کامران شاہد نے سوال کیا کہ آپ کیخلاف بڑے گھٹیا الزامات لگائے جاتے رہے ہیں۔ آپ کیخلاف کئی کتابیں بھی لکھی گئی ہیں اور ایک کتاب ریحام خان لکھنے جا رہی ہیں ، جس میں وہ کہتی ہیں کہ میں بڑے بڑے رازوں سے پردہ اٹھاؤں گی تو اس پر آپ کو کیا خطرات ہیں؟ یہ کتاب عین 2018 ء کے الیکشن سے قبل آ جائے گی تو آپ کا کردارمسخ کرنے کی کوشش کی جائے گی؟۔ اینکر کے سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ مجھے اللہ کے فضل سے کسی قسم کے کردار پر حرف آنے کا ڈر نہیں کیونکہ میں نے کبھی کچھ ایسا نہیں کیا جس پر کوئی انگلی اٹھائے۔ عمران خان نے کہا کہ کوئی جو مرضی کر لے ، عزت اور ذلت صرف اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ یہ میرا ایمان ہے۔ کوئی کسی کا کردار مسخ نہیں کر سکتا۔ صرف ہمارے اعمال ہوتے ہیں جو یہ سب کر سکتے ہیں۔ عمران خان نے براہ راست ریحام خان کا نام لینے کی بجائے صرف سوال کے مضمون پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم پارٹی پر توجہ دے رہے ہیں اور انشاء اللہ الیکشن سے پہلے جو مرضی کر لیا جائے ، اللہ تعالیٰ عزت دینے والا ہے۔