لاہور(آئی این پی )لاہور میں رائے ونڈ مارچ کی تیاریاں شروع ہو گئیں۔ تحریک انصاف نے مارچ کیلئے اڈا پلاٹ پر 15 کنٹینرز رکھ دیئے۔ پاکستان تحریک انصاف نے رائے ونڈ میں میدان سجانے کیلئے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ 15کنٹینرز، خار دار تاریں، لوہے کے پائپس اور لوہے کی چادریں بھی اڈا پلاٹ جلسہ گاہ میں پہنچا دی گئیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے شعیب صدیقی نے انتظامات کا جائزہ لیا اور 30 ستمبر کے جلسے کی تیاریوں کیلئے پرجوش دکھائی دیئے۔ شعیب صدیقی کا کہنا تھا کہ دھرنے کیلئے 40 کنٹینرز منگوائے گئے ہیں جبکہ 29 ستمبر تک تمام انتظامات مکمل کر لئے جائیں گے۔ رائیونڈ مارچ میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے حفاظتی انتظامات کے ساتھ ساتھ نئی فورسز بھی معرض وجود میں آچکی ہیں ۔ سیاسی مبصرین کے مطابق ن لیگ اور تحریک انصاف میں ہاتھا پائی کا خدشہ بھی ہے۔