لاہور( این این آئی)تحریک انصا ف نے چیف سیکرٹری پنجاب کو رائے ونڈ مارچ کے دوران پٹرول پمپس ،ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی بندش اور ممکنہ شرانگیزی کے خدشات پر مبنی خط ارسال کر دیا ۔تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل فرخ حبیب کی جانب سے چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر) زاہد سعید کے نام ارسال کئے گئے خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن)،بعض وفاقی ،صوبائی وزرا ء رائے ونڈ مارچ سبوتاز کرنے کیلئے سازشوں میں مصروف ہیں۔جانثار نوازفورس کے نام سے عسکری ونگ بھی بنانے کی اطلاعات ہیں۔شاہراہوں کو بلاک کرنے اور پٹرول پمپس بند کرکے پٹرول کی قلت پیدا کرنے کی بھی منصوبہ سازی کی گئی ہے۔رائے ونڈ مارچ کے موقع پر پٹرول پمپس کھلے رکھ کرپٹرول کی فراہمی کویقینی بنایا جائے۔سیکرٹری آر ٹی اے اورانتظامیہ کے ذریعے ٹرانسپورٹ روکنے کی بھی کوشش کی جارہی ہے۔خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ کارکنو ں کی رائے ونڈ مارچ میں آزادانہ شرکت کو یقینی بنانے کے اقدامات کیے جائیں۔پٹرول پمپس ،ٹرانسپورٹ اور روڈز کو کھلا رکھا جائے ۔