اسلام آباد(این این آئی)سپریم کورٹ نے اعلیٰ عدلیہ کے ججوں کی تقرری کے طریقہ کار سے متعلق کیس کی سماعت میں اٹارنی جنرل کی عدم موجودگی پر وفاقی حکومت پر 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا ہے۔ جمعرات کو چیف جسٹس انورظہیرجمالی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے اعلیٰ عدلیہ کے ججوں کی تقرری کے طریقہ کار سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ اٹارنی جنرل کی عدم موجودگی کے باعث کیس کی سماعت ملتوی کرنا پڑی جس پر وکیل اے کے ڈوگر نے بینچ کے روبرو شکایت کی کہ اٹارنی جنرل کی غیر حاضری سے متعلق مجھ سمیت کسی کوبھی اطلاع نہیں دی گئی، میں نے کیس کی سماعت میں شامل ہونے کے لئے لاہور سے اسلام آباد تک کا سفر کیا اور مجھے ہوٹل میں ٹھہرنا پڑرہا ہے، ایک سینئر وکیل ہوں اٹارنی جنرل کی عدم موجودگی کی اطلاع دینی چاہئے تھی۔عدالت نے کہاکہ وفاقی حکومت نے کیس کی سماعت میں جواب جمع نہیں کرایا اور نہ ہی اخلاقی اقدار کو پورا کیا۔ عدالت نے وفاقی حکومت پر 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا اور حکومت سے 4 ہفتوں میں جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں