اسلام آباد (این این آئی)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کی اور انہیں رائیونڈ مارچ میں شرکت کی دعوت دی۔ذرائع کے مطابق عمران خان نے جہانگیر ترین ، اسد عمر اور شاہ محمود قریشی کے ہمراہ ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کی جس دوران انہوں نے (ق )لیگ کو رائیونڈ مارچ میں شرکت کرنے کیلئے باقاعددعوت دی جس پر چودھری شجاعت نے عمران خان کا شکریہ ادا کیا مگر یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ وہ اس حوالے سے پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کر کے مارچ میں شرکت کا بتائیں گے ۔ذرائع کے مطابق اس موقع پر چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ احتجاج جمہوریت کا حسن اور اپوزیشن کا حق ہے مگر احتجاج میں کسی کے گھر کا گھیراؤ نہ کیا جائے ۔’’پاناما لیکس پر تحقیقات ہونی چاہئیں ‘‘۔جس پر عمران خان نے کہا کہ شریف برادران کے گھر کا گھیراؤ کرنے کا تاثر غلط ہے ۔ رائے ونڈ شریف برادران کی ملکیت نہیں ٗپی ٹی آئی جمہوریت کو مضبوط کرنا چاہتی ہے اور پاناما لیکس سمیت کسی کرپشن پر سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔ذرائع نے بتایا کہ عمران خان نے چودھری شجاعت کو کہا کہ ق لیگ اگر رائیونڈ مارچ میں شریک ہو تو قومی خدمت ہو گی ۔