لاہو ر(این این آئی )پاکستان تحریک انصاف یو تھ ونگ پنجاب کے صدر زبیر خان نیازی نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین کے خلاف یو تھ ونگ کا صرف ایک دھڑا محض ذاتی حیثیت میں تحریک چلا رہا ہے ، یو تھ ونگ کاان کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ۔ پاکستان تحریک انصاف یو تھ ونگ پنجاب کے صدرزبیر خان نیازی نے کہا ہے کہ جہانگیر خان ترین کے خلاف یو تھ ونگ تنظیمی طور پر ہرگز کوئی تحریک نہیں چلا رہی بلکہ یہ محض چند افراد ہیں جو کہ اپنی ذاتی حیثیت میں تحریک چلا رہے ہیں ، جہانگیر ترین کے خلاف چھاپے جانیوالے اشتہارات اور فلیکسز کیلئے یو تھ ونگ کی کوئی مالی امداد شامل نہیں ہے ۔ قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف یو تھ ونگ کا ہنگامی اجلاس بلایا گیا ، جس میں یوتھ ونگ کو مرکزی اور صوبائی سطح پر تحلیل کرنے کے خلاف قرارداد منظورکی گئی۔ قرار داد میں کہا گیا کہ یوتھ ونگ کو تحلیل کرنے کا 10ستمبر کا نوٹس غیر آئینی ہے ، پاکستان تحریک انصاف یو تھ ونگ کا تنظیمی ڈھانچہ تحلیل کرنے کا فیصلہ ہرگز منظور نہیں ،یو تھ ونگ کو اس کی اصل شکل میں بحال کیا جائے اور اسے تحلیل کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کی جانی چاہیے ، اس مو جودہ نظام میں اگر کوئی خرابیاں ہیں تو وہ باہمی مشاورت سے دور کی جانی چاہئیں ۔