اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے واضح کیا ہے کہ جو سیاسی جماعتیں اپنے سالانہ کھاتوں کے گوشوارے جمع اور انٹرا پارٹی الیکشن نہیں کرائیں گی وہ ضمنی الیکشن میں اپنی پارٹی کا نشان استعمال کرنے کے اہل نہیں ہونگی ‘یہ پابندی سالانہ کھاتے جمع کرانے اور انٹرا پارٹی کرانے تک لاگو رہے گی ۔الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ریٹرنگ افسران کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ آج سے ہونے والے تمام ضمنی الیکشن میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ان احکامات کی پیروی یقینی بنائیں ۔ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ایک مرتبہ پھر تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی پارٹیوں کے سالانہ کھاتوں کے گوشوارے فورا جمع کرائیں اور پارٹی کے اندر الیکشن کرائیں ۔سیاسی جماعتوں کے آڈر 2002کے تحت تمام سیاسی جماعتیں اس بات کی پابند ہیں کہ وہ اپنی پارٹی کے کھاتوں کی سالانہ رپورٹ اور پارٹی کے اندر الیکشن کرائیں ۔