اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ کے وزیر ثقافت، سیاحت اور آثار قدیمہ سردار علی شاہ نے ہندوستانی فلم ‘موئن جو دڑو’کے حوالے سے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلم کے ڈائریکٹر کو تاریخی حقائق مسخ کرنے اور 5 ہزار سالہ پرانی انتہائی تہذیب یافتہ ثقافت کا مذاق اڑانے پر سندھی قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مکلی قبرستان کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سردار علی شاہ نے کہا کہ وہ جلد ہی سندھ کے ردعمل اور اعتراضات کے حوالے سے فلم کے ڈائریکٹر سے بات چیت کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ فلم میں ہڑپہ جنگ اور لیوی کی بازیابی دکھائی گئی، جبکہ یہ محض فلمسازوں کی ذہنی اختراع ہے اور اس کا موئن جو دڑو کی تاریخ سے کچھ لینا دینا نہیں۔یاد رہے کہ بولی وڈ اداکار ہریتھیک روشن کی فلم ’موئن جو دڑو‘ رواں برس 12 اگست کو ریلیز کی گئی، جسے شائقین کا ملا جلا ردعمل موصول ہوا۔