اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ حکومت نے صدقہ و خیرات پر کوئی پابندی نہیں لگائی مگر پیسہ انتہا پسندی اور غلط کاموں میں استعمال نہیں ہونا چاہیے۔الشفاء آئی ٹرسٹ ہسپتال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ معاشرے میں صدقہ خیرات دینے کے کلچر کو فروغ دینا چاہیے ، لوگ ضروریات سے زیادہ اشیاء عطیات کے طور پر دے سکتے ہیں ، پاکستانی دنیا میں سب سے زیادہ صدقات دینے والی قوم ہے ، انسانی کی خدمت کرنا نہایت اجر و ثواب ہے ، انسانی کی خدمت لسانی اور فرقہ واریت سے بالاتر ہو کر کرنی چاہیے کیونکہ سوچ کی تبدیلی سے ہی معاشرے میں انقلاب برپا کیا جاسکتا ہے ، ہمارا پیسہ ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے استعمال ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ صدقہ اورخیرات کا استعمال انتہا پسندی ، شرانگیز اور غلط کاموں کیلئے نہیں ہونا چاہیے، انسانوں کی تقسیم سے معاشرے میں بیگاڑ پیدا ہوسکتا ہے ۔