لاہو ر(این این آئی )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پر ویز رشید نے طاہر القادری کے الزامات کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم طاہر القادری کو عدالت میں گھسیٹیں گے اور ہر متعلقہ فورم پر ان کے تمام الزامات کا جواب مانگیں گے ، عمران خان صاحب خود شیشے کے گھر میں بیٹھ کردوسروں کو پتھر نہ ماریں ، اگر عمران خان رائیونڈ مارچ کریں گے تو لوگ بھی ان کے گھر جائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ طاہرالقادری کے درجنوں جھوٹ پہلے بھی بے نقاب ہو چکے ہیں ، آئندہ بھی ہم طاہر القادری صاحب کے ہر جھوٹ کو بے نقاب کریں گے ، طاہر القادری نے جولبادہ اوڑھ رکھاہے ہم انہیں ہر فورم پر جوابدہ بنائیں گے، ہم طاہر القادری کو عدالت میں گھسیٹیں گے ، ہم ان کی تمام ترتحقیقات سامنے لائیں گے کہ انہوں نے دنیا کے 90ممالک میں اپنی تنظیم کے دفاتر کیسے بنائے ہیں ، طاہر القادری 40ساتھیوں کے ساتھ بھارت جاتے ہیں، بھارت کے ساتھ مولوی کا کیا تعلق ہے؟انہیں اس بات کا جواب دینا چاہیے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان صاحب خود شیشے کے گھر میں بیٹھ کردوسروں کو پتھر نہ ماریں ، وہ سیاست کو سیاست تک ہی محدود رکھیں ، اگرعمران خان رائیونڈ مارچ کریں گے تو لوگ بھی ان کے گھر جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ خان صاحب کی جماعت ڈوب رہی ہے اور اندرونی طورپر شدید ٹو ٹ پھوٹ کا شکار ہے ، وہ 2018ء کے انتخابا ت سے خوفزدہ ہیں ، لیکن موجودہ تمام تحریکوں کا حال بھی وہی ہوگا جو 2014ء کے دھرنے کا ہوا۔