لاہور( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف میں موجود بعض رہنماؤں نے پارٹی کی منتخب تنظیمیں نہ ہونے اور آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں سے لا تعلق ہو کر صرف حکومت مخالفت تحریک پر توجہ مرکوز ہونے پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ ذرائع نے رہنماؤں کی تشویش کے حوالے سے بتایا کہ آئندہ عام انتخابات میں صرف ڈیڑھ سال کا عرصہ باقی رہ گیا ہے جبکہ تحریک انصاف اس سلسلہ میں بظاہر کوئی تیاری کرتی ہوئی نظر نہیں آتی جو نقصان کا باعث ہو سکتا ہے۔ اس ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کے اندر یہ بات بھی ہوتی ہے کہ صرف پانامہ لیکس کے انکشافات پر انتخابات میں کامیابی حاصل نہیں کی جا سکتی بلکہ زمینی حقائق کا ادراک اورگزشتہ عام انتخابات میں سامنے آنے والی کمزریوں اور کوتاہیوں کو دور کرنے کیلئے حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔ ان شخصیات کا کہنا ہے کہ اگر پارٹی سربراہ تحریک کی قیادت میں مصروف ہیں تو سیکنڈ لائن قیادت کو پارٹی تنظیموں کو مضبوط بنانے اور آئندہ عام انتخابات کے تناظر میں تیاریوں کیلئے ہوم ورک کی ذمہ داری سونپی جانی چاہیے جوتمام حالات کاجائزہ لے کر ایک مفصل پلان تیار کر یں ۔