جہلم (این این آئی)صدر پولیس نے خاتون سمیت پاکستان تحریک انصاف کے 14 کارکنا ن کے خلاف کتا مارنے کا مقدمہ درج کرلیا ہے ۔نجی ٹی وی کے مطابق ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کے این اے 63 سے امیدوار فواد چودھری نے الزام لگایا ہے کہ جن لوگوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں انہوں نے حالیہ ضمنی انتخاب میں میری حمایت کی تھی اور اسی جرم کی پاداش میں ان کے خلاف انتہائی مضحکہ خیز قسم کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔جہلم کے قائم مقام ڈی پی او سکندر حیات نے کہا ہے کہ مقدمہ سیشن کورٹ کے حکم پر درج کیا گیا ہے اور اس حوالے سے پولیس اپنی تفتیش کر رہی ہے۔ایف آئی آر کے مطابق جہلم کے نواحی گاؤں ٹامیاں والا کے کامران فیصل نامی شخص نے الزام لگایا کہ ظہیر خان، امین خان ، آصف گڈو اور ایک خاتون سمیت 10 نامعلوم افراد اس کے احاطہ مویشیاں میں داخل ہوئے اور آتے ہی اس پر ڈنڈوں اور لوہے کے راڈز سے حملہ کردیا اور اس کے پالتو کتے کو اٹھا کر لے گئے۔ کامران نے الزام لگایا کہ ملزمان نے ڈنڈوں اور لوہے کے راڈز سے تشدد کرکے اس کے کتے کو ہلاک کردیا۔دوسری طرف نجی ٹی وی ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ مقدمہ میں نامزد مرکزی ملزم ظہیر اس کا سپورٹر ہے اور الیکشن میں پی ٹی آئی کی حمایت کی پاداش میں ن لیگ انتقامی کارروائی کر رہی ہے۔