لاہور( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے عید کے بعد رائیونڈ جانے کااعلان اورعوامی تحریک کی طرف سے اسلام آیاد یا جاتی امراء جانے کے فیصلے کو التواء میں رکھنے بارے دونوں جماعتوں کی قیادت نے پیشگی مشاورت کی ۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی اور عوامی تحریک کی قیادت کے درمیان تین ستمبر کو اپنے اپنے احتجاجی پروگرام کے اختتام پر آئندہ کالائحہ عمل دینے کے حوالے سے ٹیلیفونک مشاورت ہوئی جس میں طے پایا کہ تحریک انصاف پہلے رائے ونڈ کا رخ کرنے کا اعلان کریگی جبکہ عوامی تحریک کے سربراہ اس فیصلے کو التواء میں رکھنے کا فیصلہ کریں گے تاہم بعد ازاں عوامی تحریک کی طرف سے دوسرے مرحلے کے احتجاج میں رائے ونڈ جاتی امراء جانے کا اعلان کر دیا جائے گا ۔ذرائع نے بتایا ہے کہ پی ٹی آئی اور عوامی تحریک کی قیادت کے درمیان بظاہر ون ٹو ون ملاقات نہیں ہوئی البتہ شیخ رشید دونوں کے درمیان موثر رابطے کا ذریعہ ہیں جبکہ دونوں جماعتوں کے مرکزی رہنما بھی ایک دوسرے سے رابطوں میں قیادت کی پیغام رسانی کا کام کررہے ہیں۔