اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف فاؤنڈرگروپ کے زیراہتمام قومی مشاورتی کانفرنس (آج) اتوار کو منعقد ہوگی جس میں ملک بھر سے تحریک انصاف کے بانی عہدیداران اور کارکنان شرکت کریں گے، دن تین بجے اسلام آباد ہوٹل میں منعقد ہونے والی کانفرنس میں 1997 اور 2002 کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ٹکٹ ہولڈرز کی بڑی تعداد موجود ہوگی ۔ فاؤنڈرگروپ تحریک انصاف کے اندر جمہوریت اور احتساب کا طلبگار ہے۔ یہ بات پاکستان تحریک انصاف فاؤنڈر گروپ رابطہ کمیٹی کے رکن جاوید انتظار نے ایک بیان میں کہی ۔ انہوں نے مزید یہ کہا کہ فاؤنڈر گروپ پارٹی فنڈنگ میں خرد برد اور انٹرا پارٹی الیکشن میں دھاندلی کرنے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کرے گا ۔ انہوں نے کہاکہ کہ ہمیں پارٹی آئین معطل کر کے عہدوں پر نامزدگیوں پر ہمیں گہری تشویش ہے ۔ فاؤنڈر گروپ تحریک انصاف کے کارکنوں کے حقوق کا تحفظ کرے گا ۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کو پارٹی کے بنیادی نظریئے اور منشور سے ہٹنے کا جواب دینا پڑے گا ۔ قومی مشاورتی کانفرنس ملکی سیاست میں نئی رسم کی بنیاد ثابت ہو گی ۔انہوں نے کہاکہ پارٹی کے اندر جمہوریت، شفاف احتساب اور کرپشن کا خاتمہ اولین نصب العین ہے ۔ پی ٹی آئی فاؤنڈر گروپ کانفرنس میں اہم اعلانات کرے گا ۔