لاہور(این این آئی )پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور ،جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ،جنرل سیکرٹری سردار سیف اللہ سدوزئی نے کہا ہے کہ آج بروز ( ہفتہ ) کو ملتان میں قصاص دھرنا ہو گا ۔دھرنے سے رات 9 بجے عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری اور شیخ رشید خطاب کریں گے ۔28اگست کو راولپنڈی،کراچی اور کوئٹہ میں نا انصافی کے خلاف کارکن،سول سوسائٹی اور اپوزیشن جماعتوں کے کارکن شریک ہونگے۔خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ عوامی تحریک کا احتجاج سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قصاص کیلئے ہے ۔حکمران کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں اسی لئے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مرکزی کرداروں کو فرار کروایا جا رہا ہے مگر قاتل بچ نہیں سکیں گے ۔جنوبی پنجاب کے صوبائی صدر فیاض وڑائچ نے کہاکہ احتجاج کے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں ۔کارکنوں کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر آج کے احتجاج میں شریک ہو گا ۔انہوں نے کہاکہ احتجاجی ریلی گھنٹہ گھر چوک سے شروع ہو کر نواں شہر ملتان اختتام پذیر ہو گی۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر طاہر القادری 28اگست کو قصاص و سا لمیت پاکستان تحریک کے دوسرے راؤنڈ کا اعلان کرینگے ۔