کراچی(این این آئی) سندھ ہائی کورٹ میں گزشتہ روز ملک دشمن تقریر سننے اور سہولت کاری کے الزام اور نجی ٹی وی پر حملہ کرنے پر ایم کیو ایم کے 11 کارکنان سمیت تین رہنماؤں قمر منصور ، کنور نوید جمیل اور شاہد پاشا کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیاہے۔منگل کو ایم کیوایم کے 3رہنماؤں قمرمنصور، کنورنویدجمیل ،شاہدپاشا، عبد الرحمان ، رشید ،سبحان،عرفان ، فہیم دانش ، محمد سلیم ، ندیم ، محمد آصف ، ناصر ، صبیح الدین اور شمس اللہ کوسخت سیکورٹی میں سندھ ہائی کورٹ میں انسداددہشت گردی عدالت کے منتظم جج فاروق شاہ کے روبروپیش کیاگیا۔دوران سماعت عدالت کو تفتیشی افسرنے بتایا کہ تینوں ملزمان پر ملک دشمن تقریر سننے پر سہولت کاری کا الزام ہے ملزمان پر غداری کا مقدمہ درج ہے عدالت نے تینوں رہنماؤں کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا جبکہ جلاؤ گھیراؤ اور نجی ٹی وی پر حملہ کرنے میں ملوث 11 کارکنان کو بھی عدالت نے تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے تینوں رہنماؤں کو ان کی استدعا پر انکا میڈیکل چیک اپ کرانے کا پولیس کو حکم بھی دیا ہے۔