اسلام آباد (خصوصی رپورٹ ) ایم کیو ایم کی ملک دشمن تقریر کے بعد ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے بیان سے لاتعلقی کا اظہار شروع کردیا ہے اور پاکستان زندہ باد کے پیغامات جاری کر دئے۔ایم کیو ایم کے معروف رہنما بابر غوری نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا’’پاکستان زندہ باد‘‘۔فیصل سبزواری کا بھی کہنا تھاکہ پاکستان زندہ باد۔طاہر مشہدی بولے کہ ہمیں پاکستان کیلئے خدمات پر فخر ہے ’’پاکستان زندہ باد‘‘۔رشید گوڈیل کا کہنا تھا کہ میں صرف ایک پاکستان پر یقین رکھتا ہوں۔میرے لئے سب سے پہلے پاکستان ہے اور کچھ نہیں۔ایم کیوایم کے رہنما رکن سندھ اسمبلی سید خالد احمد نے بھی پاکستان ززندہ باد کا پیغام بھیجا۔پارٹی کے سینئر رہنما سلیم شہزاد کہنے لگے ہمیشہ پاکستان سے محبت کرو،پہلے پاکستان پھر کوئی اور۔ پاکستان سب سے پہلے ہے اور یہ بات حتمی ہے۔ایم پی اے ارم فاروقی نے متحدہ قائد کے شر انگیز بیان کے بعد ایم کیو ایم چھوڑنے کا اعلان کر دیااور ایم پی اے خالد بن ولایت ایم کیو ایم سے علیحدگی کا فیصلہ کر لیا ، وہ آج پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔ترجمان پی ایس پی کے مطابق کراچی سے تعلق رکھنے والے خالد بن ولایت پی ایس 105 سے ایم پی اے منتخب ہوئے تھے۔شمولیت سے قبل انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ہمیشہ پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگاتے رہیں گے ۔