لاہور( این این آئی )پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کی حکومت اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے ، (ن) لیگ کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملک بحرانوں کا شکار ہوچکا ہے ، (ن) لیگ کی حکومت میگاپروجیکٹ کرپشن اور لوٹ کرنے کے لئے شروع کرتی ہے ، تحریک احتساب حکمرانوں کا بوریابستر گول کردے گی ،پانامہ لیکس کو منطقی انجام تک پہنچا کردم لیں گے ، (ن) لیگ کے درباری جتنامرضی چیخ لیں وزیراعظم کا احتساب ضرور ہوگا، حمزہ شریف عمران خان کو مشورہ دینے کی بجائے خود اپنے والد اور تایا کی کابینہ پر نظر دوڑائیں اور دیکھیں گے کتنے لوگ آمر کی نرسری کی پیدوار ہیں، گجرات جلسے میں لاکھوں کی عوام شرکت کریں گے، لاہور سمیت پنجاب تحریک انصاف کا گڑھ ثابت ہوگا، اجلاس میں عبدالعلیم خان ، شفقت محمود،شعیب صدیقی، چوہدری اشفاق، اسحاق خاکوانی ،ولید اقبال، طہیر عباس کھوکھر ،اعجاز ڈیال، بریگیڈیر (ر) اعجازشاہ ، فیض اللہ کموکا، بلال اعجاز، شیخ خرم شہزاد ،حماد اظہر، علی اشرف مغل، مدثر سمیت اہم رہنماؤں نے شرکت کی ،ان خیالات کا اظہار جہانگیر خان ترین نے چیئرمین سیکرٹریٹ میں منعقد اہم اجلاس میں کیا، انہوں نے کہاکہ تحریک احتساب حکمرانوں کا بوریاں بستر گول کرد ے گی ، تحریک احتساب میں لاکھوں کی تعداد میں عوام کی شرکت نے ثابت کردیا ہے کہ حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ہیں ،حکومت اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے ، (ن) لیگ کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملک شدید بحرانوں سے دوچار ہے اور ملکی معیشت کاجنازہ نکل چکا ہے ، انہوں نے کہاکہ وزیرخارجہ نہ ہونے کی وجہ سے ملکی خارجہ پالیسی ناکام ہوچکی ہے ، وزیراعظم اپنے ساڑھے تین سالہ دورِحکومت میں وزیرخارجہ منتخب نہیں کرسکے جس کی وجہ سے انٹرنیشنل لیول پر پاکستان کا امیج خراب ہو رہا ہے اور ہمسایہ ممالک سمیت دیگر ملکوں کے ساتھ خارجہ پالیسی پرعمل درآمد نہیں ہورہا ، جہانگیر ترین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 28 اگست کو گجرات میں ہونے والا جلسہ تاریخی ہوگا اور 3 ستمبر کو گوجرانوالہ سے لاہور تک بھرپور ریلی نکالی جائے گی جس میں لاکھوں کی تعداد میں عوام شرکت کریں گے، اجلاس میں گجرات میں ہونے والے جلسے کی تیاریوں اور ستمبر میں لاہور سے گوجرانوالہ تک نکالی جانے والی ریلی کا بھی جائزہ لیا گیا اور جلسے اور ریلی کو کامیاب بنانے کے لئے منصوبے بندی بھی طے کی گئی ، انہوں نے کہاکہ لاہور سمیت پنجاب تحریک انصاف کا گڑھ ثابت ہوگا،عوام حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سخت نالاں ہے ، عوام کے مسائل میں کمی کی بجائے اضافہ ہو چکا ہے، لاہور سمیت پنجاب میں اغواء کی وارداتوں میں خطرناک حدتک اضافے نے حکومت کی گڈگورننس کا پول کھول دیاہے اورپنجاب حکومت اغواء کاروں کے نیٹ ورک کوختم کرنے میں بے بس نظر آرہی ہے ۔اجلاس میں کراچی میں اے آر وائی چینل کے آفس میں ایم کیو ایم کے غنڈہ افراد کی توڑپھور اور حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ، رہنماؤں نے کہاکہ یہ اے آر وائی پر نہیں بلکہ صحافت پر حملہ ہے ، وفاقی اور سندھ حکومت کو فوری طورپر حملے کرنے والوں پکڑکر کیفرکردار تک پہنچانا ہے اور حملہ کرنے والوں کے سہولت کاروں کابھی قلع قمع کرنا ہوگا۔