کراچی (این این آئی)گورنر سندھ سے ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر کی ملاقات،کراچی والوں کو خوشخبری سنادی گئی،آپریشن منطقی انجام تک جاری رہے گا،گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے منگل کی شام گورنر ہاؤس میں ڈائریکٹر جنرل سندھ رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں ڈائریکٹر جنرل سندھ رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے گورنر سندھ کو صوبہ میں سیکیورٹی کی صورتحال ،یوم آزادی کے موقع پر کئے گئے اقدامات اور جاری آپریشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے یوم آزادی کے موقع پر امن و امان کی صورتحال بر قرار رکھنے پر رینجرز سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ با الخصو ص کراچی میں امن و امان کے قیام میں سیکورٹی فورسز نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں جسے عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، آپریشن منطقی انجام تک جاری رہے گا اس ضمن میں صوبائی حکومت ہر ممکن وسائل بروئے کار لارہی ہے ۔ ملاقات میں اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ صوبہ سے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے بلاتفریق و دباؤ اقدامات جاری رہیں گے ۔گورنر سندھ نے کہا کہ ملک کے اقتصادی حب کراچی میں امن و امان کے قیام سے ہی بیرون سرمایہ کاری کا حصول ممکن ہے جاری آپریشن سے امن و امان کی بہتر صورتحال کے باعث بیرون سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے ، حکومت سیکورٹی اداروں کے ساتھ مل کر صوبہ میں سرمایہ کاری کے موافق ماحول کو ہر صورت یقینی بنائیگی ۔