اسلام آباد (این این آئی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عدالت نے لال حویلی پر جشن آزادی کی ریلی اور جلسے کی اجازت دیدی ہے۔اتوار کو یہاں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ گزشتہ 40 برسوں سے لال حویلی پر جشن آزادی منا رہے ہیں تاہم گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے جشن آزادی کی ریلی پر پابندی لگا دی جس کے خلاف عدالت میں گئے اور عدالت نے ہمارے حق میں فیصلہ دے کر جشن آزادی کی ریلی اور جلسے کی اجازت دیدی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان پر چار مرتبہ حملے کیے گئے اورکبھی پرچہ درج نہیں کروایا مگر اس مرتبہ ریلی پر فائرنگ کی گئی یا تشدد کا واقعہ سامنے آیا تو اس کا پرچہ درج کراؤں گا۔