اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ ہم نے 3 دہائیوں تک افغان مہاجرین کی میزبانی کی اور اب انہیں ہراساں کرنے کا عمل بند کیا جائے۔ جمعرات کو افغان مہاجرین کے وفد نے عمران خان سے ملاقات کی جس میں افغان مہاجرین کو درپیش مسائل پر بات چیت کی گئی اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ ہم نے3 دہائیوں تک افغان مہاجرین کی میزبانی کی ہے،بین الاقوامی کنونشن کے تحت مہاجرین کو زبر دستی ان کے ملک واپس نہیں بھیجا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی اپنی مرضی سے گھر چھوڑ کر نہیں آتا، گزشتہ 3 ماہ سے افغان مہاجرین کو ہراساں کیا جارہا ہے اب ان کو ہراساں کرنے کا عمل بند کیا جائے۔عمران خان نے کہا کہ میں نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کو بھی ہدایت کرد ی ہے کہ افغان مہاجرین سے ملیں اور ان کو کسی صورت واپس نہیں بھیج سکتے۔