کابل (آئی این پی)افغان میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبہ لوگر میں پاکستانی ہیلی کاپٹر نے ہنگامی لینڈنگ کی ہے جس پر عسکریت پسند وں نے اس پر سوار 6افراد کو پکڑ لیا۔جمعرات کو افغان خبررساں ادارے ’’خاما پریس ‘‘ کے مطابق صوبائی کونسل کے رکن ڈاکٹر عبدالولی وکیل کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر نے ضلع آزرہ میں ہنگامی لینڈنگ کی جس کے بعد عسکریت پسندوں نے ہیلی کاپٹر میں سوار 6افراد کو پکڑ لیا۔صوبائی گورنر کے ترجمان سلیم صالح نے تصدیق کی ہے کہ ہیلی کاپٹر کا تعلق پاکستان سے ہے جس نے ضلع آزرا کے علاقے مٹی میں ہنگامی لینڈنگ کی۔انکا کہنا تھاکہ ہنگامی لینڈنگ کے دوران ہیلی کاپٹر میں آگ بھڑک اٹھی تاہم اس میں سوار کسی شخص کو نقصان نہیں پہنچا ۔ایک مقامی رہائشی نے بتایا ہے کہ ہیلی کاپٹر نے جوں ہی ہنگامی لینڈنگ کی طالبان نے اس پر حملہ کردیا۔طالبان گروپ کی طرف سے اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے ۔افغان صوبہ لوگر کے اضلاع میں طالبان عسکریت پسند بڑی تعداد میں سرگرم ہیں۔