اسلام اآباد (این این آئی)تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی پریس کانفرنس کے دوران خیبر پختونخوا سے آئی ہوئی ایجو کیشن افسر عذرا آفریدی نے احتجاج کردیا جس پر عمران خان چپ چاپ پریس کانفرنس چھوڑ کر چلے گئے ۔ بدھ کو عمران خان کی پریس کانفرنس جاری تھی تب ہی عذرا آفریدی نامی خیبر پختونخواہ کی ایجو کیشن افسر ڈائس کے سامنے آگئی اور زور زور سے بولنا شروع کردیا جس پر عمران خان نے اس خاتون کو منانے کی کوشش کی اور ہاتھ سے پیچھے بھی کیا تاہم اس خاتون پر کوئی اثر نہ ہوا ۔اس دوران تحریک انصاف کے نعیم الحق اور دوسرے رہنماؤں نے بھی خاتون کو پکڑ کر پیچھے لے کر جانے کی کوشش کی تاہم وہ بھی ناکام رہے ٗیہ سارا منظر دیکھ کر پہلے عمران خان نے اپنے ساتھیوں کو ہاتھ کے اشارے سے خاموش رہنے کا مشورہ دیا اور پھر وہ چپ چاپ پریس کانفرنس چھوڑ کر چلے گئے ۔عمران خان کے پریس کانفرنس سے جانے کے بعد عذرا آفریدی نے میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے بتا یا کہ وہ کے پی کے میں ایجو کیشن افسر ہے اور اسے گھوسٹ ملازمین کے خلاف رپورٹ تیار کرنے کی سزا دیتے ہوئے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے ۔عذرا آفریدی نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کے وزیر تعلیم اور خیبر پختونخواہ کے عہدیداروں پر کرپشن کے الزامات ہیں ۔انہوں نے کہا کہ افسران گھوسٹ ملازمین کے خلاف کام کرنے سے روکتے رہے اور پھر بنوں میں تبادلہ کردیا ۔انہوں نے کہاکہ مجھے اپنا فرض نبھانے پر عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے ،میرے سا تھ انصاف کیا جائے ۔